رواں مالی سال: پنجاب حکومت کی 7 ماہ میں 74 ارب 84 کروڑ 61 لاکھ روپے کی بچت

لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2014-15ء کے پہلے 7 ماہ جولائی سے جنوری کے دوران اخراجات جاریہ کی مد میں 74 ارب 84 کروڑ 61 لاکھ روپے کی بچت کی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے لئے اخراجات جاریہ کی مد میں 4 کھرب 8 ارب 30 کروڑ 47 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا تھا لیکن اس مدت کے دوران 3 کھرب 33 ارب 45 کروڑ 86 لاکھ روپے کے جاری اخراجات کئے گئے۔ مجموعی جاری اخراجات میں جنرل پبلک سروسز میں ایک کھرب 94 ارب 69 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ پبلک آرڈر اینڈ سیفٹی افیرز میں 50 ارب 20 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ اکنامکس افیئرز میں 26.5 ارب روپے، ماحولیاتی تحفظ کے لئے 8 کروڑ 69 لاکھ روپے، ہاؤسنگ اینڈ کمیونٹی میں 5.51 ارب روپے، شعبہ صحت میں 21.6 ارب، ریکریشن، کلچر اینڈ ریلیجن میں 74 کروڑ 7 لاکھ، تعلیم میں 16.2 ارب روپے خرچ کئے گئے اور سماجی تحفظ کے لئے 2.61 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا اس کے مقابلے میں 17.9 ارب روپے خرچ کئے گئے۔