بیک ڈور مذاکرات جاری ہیں‘ رحمن ملک: بات چیت ہی واحد آپشن ہے‘ گورنر پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر ہمیں اپنے تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہئے جس سے ملک میں جمہوری نظام کو استحکام ملے اور قومی مفادات کا بھی تحفظ ہو۔ قبل ازیں گورنر پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں اور ورکرز نے بھی ملاقات کی۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ سیاسی معاملات مذاکرات سے ہی طے ہو سکتے ہیں، اسکے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ دریں اثناء آئی این پی کے مطابق رحمن ملک نے کہا ہے کہ حکومت اور تحر یک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہا نگیر ترین کے درمیان بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں۔ امید ہے مذاکرات نتیجہ خیز ہونگے اور عید سے قبل احتجاجی دھرنے ختم ہو جائیں گے ‘ملک اور قوم کے مفاد میں وزیراعظم ‘طاہر القادری اور عمران خان کو ایک قدم پیچھے ہٹنا چاہئے۔ پاکستان کی سیاست میں ’’گونواز گو‘‘ کا نعرہ کوئی نئی بات نہیں، ایسے نعرے آصف زرداری‘ بے نظیر بھٹو شہید اور مشرف کیخلاف بھی لگتے رہے۔ لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں رحمن ملک نے مزید کہا کہ احتجاجی دھرنیوالوں کے کارکنوں کی گرفتاریاں نہ ہوتی تو تحر یک انصاف اور عوامی تحریک سے معاہدہ ہو جاتا مگر حکومت نے دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتار کر کے معاملات کو خراب کر دیا اور مذاکرات بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جہاز میں جو واقعہ پیش آیا اس پر میں نے ہر قسم کی تنقید برداشت کی اور اگر کسی بھی سطح پر یہ ثابت ہوجائے کہ میں نے مذکورہ واقعہ کی ویڈ یو بنانیوالے ارجمند کو نوکری سے فارغ کروایا ہے تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔