نجی میڈیکل کالج سرکاری کالجز سے پہلے داخلے نہیں کر سکیں گے

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبے کے نجی میڈیکل کالجز سرکاری میڈیکل کالجوںکی میرٹ لسٹ سے قبل داخلے کریں گے اور نہ ہی امیدواروں اور ان کے والدین سے کسی قسم کی فیس طلب کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہونے والے ایک اجلاس میں ہوا۔ صدارت یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ملک حسین مبشر نے کی۔ اجلاس میں پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کی اکثریت نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ سرکاری میڈیکل کالجوں کی طرح پرائیویٹ کالجز میں بھی داخلے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ذریعے ہوں۔ پروفیسر مبشر نے شرکاءکا بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر یو ایچ ایس 14اکتوبر کو ایک دوسرا انٹری ٹیسٹ لے رہی ہے جس میں وہ تمام امیدوار شرکت کرسکیں گے جن کے ایف ایس سے میں نمبر60 فیصد یا اس سے زائد ہوں اور یہ کہ انہوں نے 20جولائی کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شرکت نہ کی ہو۔ اس ٹیسٹ کے فوراً بعد سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔