سید صلاح الدین کی مجید نظامی سے ملاقات‘ تحریک آزادی کشمیر سے آگاہ کیا

لاہور (خبرنگار خصوصی) حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین نے نوائے وقت / دی نیشن کے چیف ایڈیٹر مجید نظامی سے ملاقات کی ملاقات میں انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ آزادی کشمیر اور حق خودارادیت پر کشمیری قیادت اور کشمیری عوام متحد ہیں ہمارا عزم ہے کہ ہم اپنے مقاصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکمرانوں کی کشمیر پر بدلتی پالیسیوں نے ہمیں مایوس کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کی حیثیت سے پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے۔ کشمیر میں ظلم جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائے‘ بھارت سے کسی خیر کی توقع نہ رکھتے ہوئے دنیا کو بتائے کہ بھارت سے مذاکرات مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہیں اس کے بغیر بات نہیں کریں گے۔ مجید نظامی نے ان کے جذبے اور ولولے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تاریخی اور جغرافیائی لحاظ سے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے آزادی کشمیر کی اس جدوجہد کو ہم پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد سمجھتے ہیں۔ کاش ہمارے حکمران اپنے اصولی موقف پر کاربند رہتے ہوئے کشمیر کی آزادی کیلئے جراتمندانہ کردار ادا کریں کیونکہ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں۔