ہمیشہ پارٹی میں الیکشن کروائے‘ آئین کے مطابق چلتے ہیں: اقبال جھگڑا

لاہور (وقت نیوز) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے گزشتہ سال کامیابی سے پارٹی الیکشن کرائے، اگر کوئی نواز شریف اور باقی عہدیداروں کے سامنے کھڑا ہی نہ ہو تو کیاکر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹو نائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر اور تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباسی نے بھی شرکت کی۔ اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ ن لیگ آج بھی اتنی ہی مضبوط ہے جتنی پہلے تھی، پارٹی کے اندر ہم نے ہمیشہ الیکشن کروائے ہیں اور ہم پارٹی آئین کے مطابق چلاتے ہیں۔ سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پارٹی الیکشن کی وجہ سے ڈسپلن خراب ہوتا ہے۔ ہماری جماعت بھٹو کے نام پرچل رہی ہے بھٹو کے نام کے بغیر پارٹی ختم ہو جائے گی انہوں نے کہا تحریک انصاف جس طرح پارٹی الیکشن کروانا چاہتی ہے وہ عملی طور پر ممکن نہیں۔ عندلیب عباسی کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے بچنے کے لئے اور تکنیکی سسٹم کو مزید بہتر کرنے کے لئے پارٹی الیکن ملتوی کئے ہیں ہم پارٹی کے اندر جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔