مسلم لیگ (ن) کوئی ماوراءآئین اقدام برداشت نہیں کریگی: رانا مشہود

مسلم لیگ (ن) کوئی ماوراءآئین اقدام برداشت نہیں کریگی: رانا مشہود

لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ڈھیلی ڈور کھینچنے کا وقت آگیا ہے۔ قوم مضبوط گرفت کیلئے تیار ہوجائے۔ ملک جذباتی فیصلوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ کوئی ماورائے آئین اقدام برداشت نہیں کیا جائیگا۔ مسلم لیگ (ن) ملک میں جمہوری اور آئینی تبدیلی کی حامی ہے۔ میاں نوازشریف نے سندھ کی سیاست کا نقشہ تبدیل کردیا۔ پیپلز پارٹی کا پنجاب پر راج کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) مادر وطن پاکستان کیخلاف ایوان صدر سے ہونیوالی سبھی سازشوں کو ناکام بنا دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راوی میں ہونیوالے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے شاہد چودھری نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ رانا مشہود نے کہا کہ سیاسی حلقوں میں پیپلز پارٹی اور اسکے اتحادیوں میں ٹوٹ پھوٹ کی اطلاعات گرم ہیں۔ لوگ انتخابات میں اصولی سیاست کی علمبردار مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری لیگ کی طرف سے صرف میمو گیٹ نہیں بلکہ اور بھی کئی سکینڈلز کا جواب آنا ابھی باقی ہے۔ مسلم لیگ (ن) بدعنوان حکومت کو ڈھیل نہیں دیگی۔