لاہور کو 119 سال قبل ضلع بنایا گیا‘ پہلے ڈپٹی کمشنر اے ای ہیری تھے

لاہور (وقائع نگار) ایک سو انیس سال قبل ”لاہور“ کو باقاعدہ طور پر ضلع بنایا گیا اور اس ضلع کے پہلے انگریز ڈپٹی کمشنر اے ای ہیری تھے جبکہ قیام پاکستان کے وقت آخری انگریز ڈپٹی کمشنر جے سی وی اسٹیک تھے جو 13 اگست 47ءتک رہے۔ لاہور کے پہلے مسلمان ڈپٹی کمشنر ظفر الاحسن تھے جو 14 اگست 47ءکو تعینات ہوئے۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے اقتدار میں آنے کے بعد کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ ختم کر دیا۔ لاہور کے آخری ڈپٹی کمشنر حسن نواز تارڑ تھے۔ قیام پاکستان سے نظام کی تبدیلی تک لاہور میں 37 ڈپٹی کمشنرز تعینات کئے گئے ان میں سے صرف ایک پی سی ایس اور باقی 36 سی ایس پی افسر تھے۔ 2008ءتمیں عام انتخابات کے بعد پنجاب اور دیگر اضلاع میں اسمبلیوں کے ذریعے کمشنر کا عہدہ بحال کر دیا گیا تاہم پنجاب میں فی الحال ڈپٹی کمشنرز کی جگہ ڈی سی اوز کام کر رہے ہیں۔ دیگر صوبوں میں ڈپٹی کمشنر کا عہدہ بحال کیا جا چکا ہے۔