دوہری شہریت، ایم پی اے رانا آصف کی رکنیت معطلی میں 16 نومبر تک توسیع

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے رکن پنجاب اسمبلی رانا آصف کی رکنیت معطلی میں 16نومبر تک کے لئے توسیع کر دی ہے۔ رانا آصف کے خلاف سیف الملوک نے عدالت کے روبرو درخواست دے رکھی ہے۔ گزشتہ روز دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رکن اسمبلی پاکستان اور کینیڈا کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے ان کی رکنیت بھی معطل کر رکھی ہے تاہم گزشتہ دو ماہ سے کیس کی سماعت نہیں ہوئی اس لئے کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ دیا جائے۔ فاضل عدالت نے کیس پر رکن اسمبلی رانا آصف کی معطلی میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16نومبر تک لگانے کا حکم بھی دیا ہے۔