ڈاکوئوں نے اسلام پورہ میں ایک شہری کو قتل، فیروزوالا میں 3 افراد کو زخمی کر دیا

لاہور (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ اسلام پورہ میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر ایک شہری کو قتل کر دیا۔ فیروزوالا میں 3 افراد مزاحمت پر زخمی ہوئے۔ ڈاکوؤں نے جوہرٹاؤن کے علاقہ میں لاہور چیمبر آف کامرس کی پیس کمیٹی کے رکن تاجرفراست علی اور انکی فیملی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 21 لاکھ روپے جبکہ ماڈل ٹائون کے علاقہ ایچ بلاک میں وزیراعلیٰ ہائوس کے قریب ہائی سیکورٹی زون میں امین کی فیملی سے گن پوائنٹ پر ساڑھے 7 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے شاہدرہ میں خالد کے گھر میںگھس کر 13 لاکھ روپے، نصیر آباد میں خرم منظور کے گھر میںگھس کر 10 لاکھ روپے مالیت، قائداعظم انڈسٹریل میں کامران کے گھر میں گھس کر 8 لاکھ روپے مالیت، سبزہ زار میں سلمان کے گھر میںگھس کر 7 لاکھ روپے مالیت  کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے جوہر ٹائون کے علاقے بی او آر میں رشید کی فیملی سے 10 لاکھ روپے، ساندہ میں مسز فرحان سے 6 لاکھ روپے، جوہر ٹائون کے علاقے کالج روڈ میں یوسف کی فیملی سے 4 لاکھ روپے، اسلام پورہ میں سلمان کی فیملی سے 4 لاکھ روپے، ملت میں زبیر کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے، فیصل ٹائون میں اسرار کی فیملی سے 3 لاکھ روپے، شاد باغ میں نثار کی فیملی سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے  لٹن روڈ میں حکیم مقبول سے 2 لاکھ، شمالی چھائونی میں اعجاز سے 2 لاکھ، ساندہ میں شکیل سے موٹر سائیکل، 22 ہزار روپے اور موبائل فون، گرین ٹائون میں جعفر سے موٹر سائیکل، 10 ہزار روپے اورموبائل فون، اچھرہ میں فہد سے ڈیڑھ لاکھ، جوہر ٹائون میں ارشد سے ایک، مغلپورہ میں کاظم سے ایک لاکھ، اقبال ٹائون میں مجاہد سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون، جوہر ٹائون میں عثمان سے 55 ہزار، سبزہ زار میں ہاشم سے 30 ہزار روپے اورموبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے جنوبی چھائونی سے نعیم، سو ل لائن سے منظور، گلشن راوی سے ناصر، شاہدرہ سے کاشف کی کاریں جبکہ ماڈل ٹائون سے کامران، ٹبی سٹی سے نوشیر، شاہدرہ سے نسیم، ریس کورس سے معظم، اسلام پورہ سے مبشر، گڑھی شاہو سے نبیل، اچھرہ سے لقمان، باغبانپورہ سے ارشاد، اکبری گیٹ سے نوید کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر فیروزوالا میں لاہور روڈ اور سگیاں چوک کے قریب ڈاکوئوں نے مسافروں سے بھری دو ویگنیں لوٹ لیں حبکہ ڈاکو دکانیں اور گھروں سے لاکھوں روپے کا قیمتی سامان لیکر فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے مزاحمت پر تشدد اور گولی مار کر تین افراد کو زخمی کر دیا۔ لاہور سے فاروق آباد جانیوالی مسافر ویگن ڈاکوئوں نے خان پور نہر کے قریب روک کر لوٹ لی۔ مسافروں سے رقم، موبائل فونز چھین کر لے گئے۔ فیکٹری ایریا پولیس عبدالرزاق کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ منڈی فیض آباد سے لاہور آنیوالی ویگن ڈاکوئوں نے نین سکھ چوک کے قریب روک کر لوٹ لی۔ مسافروں سے 6 موبائل، نقدی و دیگر سامان چھین کر فرار ہو گئے۔ لاہور روڈ پر ڈاکوئوں نے کار سوار بابر علی اور جاوید اقبال کی فیملی روک کر لوٹ لی، لاکھوں روپے کے زیورات، نقد رقم، موبائل چھین کر لے گئے۔ ڈاکوئوں نے رانا ٹائون کے بیکری کے مالک احسان اللہ اور کمپنی کے سیلزمین سے تین لاکھ روپے کی رقم چھین لی۔ رچنا ٹائون کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے کار سوار کو روک کر لوٹ لیا۔ مزاحمت پر گولی مار کر نوجوان کو زخمی کر دیا۔ ڈاکوئوں نے گندم سے بھرا ٹرک چھین لیا۔ ڈرائیور اور کلینر پر تشدد کر کے فرار ہو گئے اور 600 بوریاں گندم سمیت ٹرک لے گئے۔