پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے (ق) لیگ کی اندرون سندھ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیاں

لاہور (خبر نگار) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے (ق) لیگ نے پاکستان زندہ باد ریلیوں کے دوسرے مرحلے  میں اندرون سندھ لاڑکانہ، عمرکوٹ،  کشمور، شکارپور میں ریلیاں نکالیں۔ لاڑکانہ میں پاکستان زندہ باد ریلی کی قیادت سندھ کے جنرل سیکرٹری غلام سرور سیال نے کی، ریلی سینکڑوں موٹر سائیکلوں، گاڑیوں، ٹرکوں، چنگ چی رکشوں اور پیدل چلنے والے سیکڑوں لوگوں پر مشتمل تھی۔ ریلی کے شرکاء سے لندن سے ٹیلی فونک خطاب میں ق لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ق لیگ افواج پاکستان کی عزت و تکریم پر حرف نہ آنے دے گی عوام کی ظالم حکومت سے جان چھڑانے کے لیے عوامی انقلابی تحریک کا آغاز ہو گیا ہے۔ ریلی اتاترک ٹاور پاکستانی چوک سے ہوتی ہوئی جناح پارک پر اختتام پزیر ہوئی۔ عمر کوٹ میں ریلی کی قیادت عامر پٹھان نے کی۔ ریلی تین تلوار سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی عمرکوٹ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ شکا رپور میں برکت ہیکڑو کی قیادت میں نکلنے والی ریلی پنہوڑ کالونی سے ہوتی ہوئی رستم موڑ، لکھی در گھنٹہ گھر، جمانی ھال چوک، ہزاروی در سے ہوتی پریس کلب شکار پور پر پہنچی۔ کشمور سے ریلی لیگی رہنما ریاض شیخ نے نکالی۔ سخت گرمی میں ریلی پوسٹ آفس سے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔