مولانا قادری جلد پاکستان آئیں، ایسا استقبال ہوگا وہ سازشیں کرنا چھوڑ دینگے: سعد رفیق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی نے جمہوریت خیرات میں نہیں دی، کوئی کینیڈا میں بیٹھے یا لندن میں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہیں مارچ کا شوق ہے وہ کرلیں انہیں اچھا مارچ کرائیں گے۔ مولانا کا ایسا استقبال کیا جائے گا کہ یاد رکھیں گے۔ طاہر القادری لندن کی بجائے پاکستان میں آکر سیاست کریں طاہر القادری دودھ سستا کریں گے کیسے کریں گے بتائیں، طاہر القادری اور چودھری برادران کے سر جوڑنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ طاہر القادری نے پی پی کے دور میں جو ڈرامہ رچایا ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ بلوچستان میں ریلوے کا نظام چلانے کیلئے ایف سی کی ضرورت پڑتی ہے، بلوچستان میں حملہ کرنے والوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو ایف سی گلدستے نہیں بھجوا سکتی، نظام کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ حکومت معاملات سلجھا رہی ہے کوئی غلطی نہیں کررہی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مولانا قادری جلد پاکستان آئیں ان کا ایسا استقبال ہوگا کہ وہ سازشیں کرنا چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کینیڈی اور مسترد شدہ چودھریوں کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں۔