مسلم لیگ (ن) کے مغوی ایم پی اے رانا جمیل بازیاب نہ ہوسکے

لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس مسلم لیگ (ن) کے اغوا ہونے والے ایم پی اے رانا جمیل حسن کو تاحال بازیاب نہیں کرا سکی اور نہ ہی اغوا کاروں کا کوئی سراغ مل سکا ہے۔ ایم پی اے کے اغوا کے بعد پنجاب کی تمام اہم شخصیات نے اپنی نقل وحرکت محدود کر دی ہے۔ رکن اسمبلی رانا جمیل حسن کے اغوا کے بعد پولیس افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے پنجاب بھر کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ تاہم پولیس کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیمیں مغوی ایم پی اے کا کوئی سراغ نہیں لگا سکیں۔ رانا جمیل حسن کے اغوا اور ان کی بازیابی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں رابطہ کرنے پولیس افسران نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب بھر کی مکمل طور پر ناکہ بندی کردی گئی ہے امید ہے کہ مغوی کو جلد ہی بازیاب کرالیا جائے گا۔ اسلام آباد سے آن لائن کے مطابق رانا جمیل کی بازیابی کے لئے تحقیقات میں مدد دینے اور اصل ملزمان تک پہنچنے کے لئے پنجاب پولیس نے وفاقی پولیس سے مدد مانگ لی ہے۔ وفاقی پولیس کی جانب سے انسپکٹر راجہ راحت کو پنجاب پولیس کی مدد کے لئے بھیج دیا گیا جہاں انہوں نے اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم پی اے رانا جمیل اغوا کیس کی ایف آئی آر سیل کردی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اغوا کی جگہ کا معائنہ کیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے اغوا کے حوالے سے خیبر پی کے حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔