شہباز شریف کی محنت عزم اور عوامی خدمت کے جذبے سے بہت متاثر ہیں، چینی کمپنیوں کے حکام کی گفتگو

لاہور(خبر نگار)’’وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف حقیقی معنوں میں عملی شخصیت کے مالک ہیں وہ جو کام کرنے کی ٹھان لیں، اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے، ہم سب شہبازشریف کی محنت ، عزم اور عوامی خدمت کے جذبے سے بہت متاثر ہیں‘‘۔ ان خیالات کا اظہار چین کی معروف کمپنیوں شینگ ڈونگ رویائی، ہیوانگ شینگ ڈونگ ، سیپکو-1اور ڈونگ فونگ الیکٹرک کے اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں ہمیں امید ہے کہ وہ پاکستان میں توانائی بحران حل کرنے میں ضرورکامیاب ہوں گے۔ پاکستا ن خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے شہبازشریف نے ہمیں قائل کیا ہے ہمیں فخر ہے کہ ہم شہبازشریف جیسے مخلص، دیانتدار اور محنتی وزیراعلیٰ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔