ریاض الرحمن ساغر فلم انڈسٹری کیلئے ایک یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے: پرویز کلیم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) معروف شاعر ادیب و کالم نگار ریاض الرحمان ساغر کی پہلی برسی گذشتہ روز ان کی رہائش گاہ اقبال ٹاون لاہور میں منائی  گئی۔ برسی کی تقریب میں مرحوم کے دوستوں، اہل خانہ اور شوبز سے تعلق رکھنے والے  افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلم رائٹر، ڈائریکٹر و پروڈیوسر  محمد پرویز کلیم کا کہنا تھا کہ ریاض الرحمان ساغر فلم انڈسٹری کے لیے ایک یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے انہوں نے زندگی بھر فلم اور ادب کی ترقی کے لے کام کیا۔  ان کا خلا پورا نہیں ہو سکے گا۔ فلم ڈائریکٹر شہزاد رفیق کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری میں میری پہلی اور آخری کامیابی تک مرحوم کا ہاتھ رہا ہے انہوں نے تمام عمر استاد کی عزت کی۔ موسیقار ایم ارشد کا کہنا تھا کہ ریاض الرحمان ساغر وقت اور حالات کے مطابق شاعری کرتے تھے انہوں نے اپنی زندگی میں جتنے نمغے اور گیت لکھے ہیں انہیں بین الاقوامی شہرت ملی ہے۔ نوید قتیل کا کہنا تھا کہ  ہم تمام لوگ ایک اچھے شخص سے محروم ہو گئے ہیں وقت گذرنے کے ساتھ ہمیں ان کی اور زیادہ یاد آئے گی اﷲ تعالٰی انہیں جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا کرے۔