رب کی دھرتی پر اسکا نظام قائم ہو گا تو خوشحالی آئے گی، حافظ عاکف سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ رب کی دھرتی پر رب کا نظام قائم کریں گے تو معاشی خوشحالی آئے گی، اللہ کے نظام کو نافذ کیے بغیر معاشی خوشحالی کے دعوے محض سراب ہیں، اللہ اور رسولﷺ سے بغاوت کر کے ہمیں کبھی خوشحالی نہیں مل سکتی۔ حکمرانوں کا GSPپلس کے سٹیٹس کو خوشحالی کا دروازہ قرار دینا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ اس کے ذریعے صرف مراعات یافتہ طبقے کو ہی خوشحالی میسر آئے گی۔ان خیالات کا اظہار امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے مرکزی شعبہ نشرواشاعت تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام معاشی خوشحالی: مگر کیسے؟ کے موضوع پر منعقدہ پِری بجٹ سیمینار کے صدارتی خطبے میں کیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی معروف ماہر معیشت ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی ، معروف دانشوراوریا مقبول جان  اور انجمن خدام القرآن کے ریسرچ سکالررضاء الحق نے بھی خطاب کیا۔