حکمران محاذ آرائی کی بجائے سب کو ساتھ لے کر چلیں: قاضی احمد سعید

لاہور(خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں ایسے میں حکمرانوں کو محاذ آرائی کی بجائے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا تاکہ ملک ترقی کرے اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آتے ہی ماضی کی طرح محاذ آرائی کی سیاست شروع کر دی ہے جو ملک کے لئے کسی طور حق میں نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی ناکامیاں عوام کی نظروں سے اوجھل رکھنا چاہتی ہے لیکن اب عوام عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے انتقامی سیاست کی بجائے حکومت اپنی تمام تر توانائیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے صرف کرے۔