بہترین معاشرہ قائم کرنے کیلئے ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا : مجیب الرحمن شامی
لاہور (خصوصی رپورٹر) طلبہ تعلیم پر مکمل توجہ دیں۔آپ بڑے ہو کر اچھے پاکستانی بنیں اور دنیا میں پاکستان کا منفرد مقام بنائیں۔ہمیں محنت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔ایک اچھا پاکستانی وہ ہے جو دوسروں کے کام آئے ۔ بہترین معاشرہ قائم کرنے کیلئے ہمیں ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار معروف صحافی و صدر سی پی این ای(CPNE) مجیب الرحمن شامی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ میں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے پندرہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اکیسویں روز طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروائس چیئرمین نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سابق اولمپیئن خواجہ جنید اور سیکرٹری نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ مجیب الرحمن شامی نے کہا تحریک پاکستان کے دوران مخالفین کا خیال تھا کہ یہ تحریک کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ دشمنوں کا خیال تھا کہ یہ ملک زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا لیکن پاکستان کا پہلا بجٹ ہی سرپلس بجٹ تھا۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے۔آج بد قسمتی سے ہم محنت کرنے کے عادی نہیں رہے ہیں۔ ہمیں محنت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔ خواجہ جنید نے کہا یہاں موجود بچوں کے جوش و جذبے کو دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ اس ملک کا مستقبل بہت روشن ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ اسلام سے اچھا کوئی مذہب نہیں ہے ، حضرت محمد کی ذات کو اپنا رول ماڈل بنائےں۔علاوہ ازیں سپورٹس ڈے کی مناسبت سے نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔