تحریک انصاف نے بلدیاتی امیدواروں سے 15 جولائی تک درخواستیں طلب کر لیں
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئے امیدواروں کے چناﺅ کےلئے چیئرمین عمران خان کی مشاورت سے ڈسٹرکٹ اور سٹی کونسلیں قائم کرنے اور بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹیں دینے کےلئے سلیکشن بورڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکشن بورڈ کے فیصلے کےخلاف اپیل کا فیصلہ ڈسٹرکٹ اور سٹی ایگزیکٹو کونسل کرےگی جبکہ بلدیاتی امیدواروں سے درخواستیں گزشتہ روز یکم جولائی سے 15 جولائی تک طلب کر لی ہیں۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے شفقت محمود، سلونی بخاری، سعدیہ سہیل ایم پی اے، نومنتخب ایم پی اے ناصر چیمہ اور ریاض فتیانہ کی موجودگی میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئے پارٹی کی باضابطہ انتخابی مہم شروع کرنےکا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ٹکٹوں کے دئیے جانے کے مرحلے میں ڈسٹرکٹ آرگنائزر اور ڈپٹی آرگنائزر کا کوئی کردار نہیں ہو گا البتہ سلیکشن بورڈ کے فیصلے کے خلاف اپیل سننے والی ڈسٹرکٹ اور سٹی ایگزیکٹو کونسل میں وہ شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 30 جولائی تک امیدواروں کو حتمی شکل دے کر پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے جائیں گے۔ ٹکٹوں کے حوالے سے اپیلیں 3 اگست تک موصول کی جائیں گی اور 10 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔