محکمہ تحفظ جنگلی حیات کا افسر سرکاری خزانے کا 4 لاکھ کا نادہندہ، نوٹس کے باوجود رقم جمع نہیں کرائی
لاہور (چودھری اشرف) محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے گریڈ 17 کا افسر سرکاری خزانے کے چار لاکھ روپے کا نادہندہ ہونےکا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس کے مانیٹرنگ اینڈ ایوالشن افسر میاں حفیظ احمد 108 راوی روڈ لاہور میں واقع سرکاری رہائش گاہ میں رہائش پذیر ہیں جس کا کرایہ چار لاکھ روپے تک پہنچ گیا محکمہ کی جانب سے انہیں چھٹی نمبری 11132/DG.W&P/A/2015 ‘ 26 جون 2015ءکو جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری رہائش گاہ کا کرایہ جو کہ تین لاکھ 84 ہزار 528 روپے ہے فوری طور پر سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے۔ چٹھی میں یہ بھی کہا گیا کہ آڈٹ پیرا میں بھی یہ بات آئی ہے جس کو سیٹل کرنے کیلئے رقم کی فوری ادائیگی ضروری ہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مذکورہ افسر جسے محکمہ کے ملازمین اور اعلیٰ افسران سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر معطل کیا گیا ہے نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہ میں غیر قانونی طریقے سے توسیع کرتے ہوئے چوکیدار کے کمرے کو بھی اپنے گھر کا حصہ بنا رکھا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈکوارٹر نعیم بھٹی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سرکاری رہائش گاہ کا کرایہ واجب الادا ہے جس کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔