واسا حکام کی نااہلی، سوشل ویلفیئر فلیٹس کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) واسا حکام کی نا اہلی اور نالائقی کے باعث سوشل ویلفیئر فلیٹس علامہ اقبال ٹاﺅن کے سینکڑوں مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے۔ علامہ اقبال ٹاﺅن کے خیبر بلاک میں واقع سوشل ویلفیئر فلیٹس میں گزشتہ 4روز سے پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، پونے 3سو کے قریب فلیٹس میں ڈیڑھ ہزار کے قریب نفوس رہائش پذیر ہیں فلیٹس کے مکینوں کو پانی کی کی عدم دستیابی اور قلت کی شکایت تو عرصہ دراز سے تھی۔ واسا حکام کو شکایات بھی کی گئیں لیکن گزشتہ چار روز سے فلیٹس کو مکمل طور پر پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے اہل علاقہ وزیر اعلیٰ پنجاب ، ڈی جی ایل ڈی اور ایم ڈی واسا سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری طور پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر پانی کی فراہمی آج (جمعرات) صبح 10 بجے تک یقینی نہ ہوئی تو ملتان روڈ اور علامہ اقبال مین بلیوارڈ کو بلاک کر دیا جائے گا۔