وزیراعلیٰ اپنا روز گار سکیم کی عوامی پذیرائی ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرا دیں

لاہور (این این آئی) پنجاب حکومت کی اپنا روز گار سکیم کو عوام میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے بعد ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد نے گاڑیوں کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ قبل ازیں حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ اپنا روزگار سکیم کے تحت بے روز گار افراد کو بلا سود پانچ سالہ اقساط پر گاڑیاں فراہم کرنے کیلئے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 28 نومبر 2014ء مقرر کی تھی لیکن بعد میں کچھ شرائط میں نرمی کے ساتھ آخری تاریخ میں 15 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔ عمر کی بالائی حد کو 35 سے بڑھا کر 40 سال مقرر کیاگیا جبکہ کم از کم تعلیمی قابلیت کی شرط میٹرک کو بھی ختم کر دیاگیا تھا۔ سکیم کے تحت 25 ہزار سوزوکی بولان اور 25 ہزار سوزوکی راوی گاڑیاں بے روز گارافراد کو فراہم کی جائیں گی۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد سٹیئرنگ کمیٹی برائے وزیر اعلیٰ اپنا روزگار سکیم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں وصول کی گئی ہیں جن کیلئے قرعہ اندازی جنوری کے پہلے ہفتے  میں ہو گی۔