یونیورسٹیوں کے ذہین طلبا سونے میں تولنے کے قابل ہیں: وزیراعلیٰ کاپیغام

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ طالبعلموں کے چمکتے دمکتے چہرے پپاکستان کے تابناک مستقبل کی نوید ہیں۔ حکومت پنجاب اپنی نوجوان نسل کا ٹیلنٹ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے ”شوکیس“ کرے گی تاکہ پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پرپھیلائے گئے منفی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اس تعلیمی ادارے کے 150 ویں فاﺅنڈرز ڈے کے موقع پر ”جی سی “کی تاریخی اوول گراﺅنڈ میں منعقد کی گئی شاندار تقریب سے خطاب میں کہی۔مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ناسازی طبع کے باعث تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔اس موقع پر جی سی کے سابق پرنسپلز،اولڈ راوینز یونین کے موجودہ صدر کامران لاشاری ، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، جسٹس خواجہ محمد شریف،پرویز مسعود اور بہت بڑی تعداد میں سینئر بیوروکریٹس، مختلف شعبوں کے سربراہان و فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج لاہور کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ کو کامیابی کی بے مثال داستان قرار دیا اور کہا کہ یونیورسٹیوں کے ذہین طلبہ سونے میں تولنے کے قابل ہیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر خلیق الرحمان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ جوہری سائنسدانوں کی وہ جماعت جس نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا،اس کے زیادہ تر ارکان نے گورنمنٹ کالج لاہور میں تربیت پائی۔