متروکہ وقف املاک بورڈ‘ کرپشن کیس میں گرفتار افسروں کی گاڑیاں اہلخانہ کے زیر استعمال

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ میں انتظامی نا اہلی و بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ کرپشن کیس میں دو ماہ قبل گرفتار ہونے والے افسران کی سرکاری گاڑیاں ان کے اہل خانہ کے زیر استعمال ہیں، دوسری جانب ان آسامیوںپر کوئی تقرری بھی عمل میںنہیں لائی گئی۔اسی طرح چند ہفتے قبل ریٹائرڈ ہونے والی ڈپٹی سیکرٹری لینڈ نے بھی سرکاری گاڑی محکمہ کو واپس نہیں کی ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور ون اور ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد زون جو میگا کرپشن کیس میں اس وقت جیل میں قیدہیں سرکاری امور کی ادائیگی کےلئے ان افسران کوملنے والی گاڑیاں اب ان کے اہل خانہ ناصرف استعمال کر رہے ہیں بلکہ سرکاری ایندھن کے ساتھ سرکاری ڈائیور دو ماہ بعد بھی ان کو دستیاب ہیں اور مذکورہ ڈارئیور اوور ٹائم بھی وصول کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بے قاعدگی نہیں سب کچھ قواعد کے مطابق ہورہاہے، جبکہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور ون آصف رضا شیخ کے زیر استعمال گاڑی کو گزشتہ روز واپس لے لیا گیا ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد زون سعید انور اور ڈی ایس لینڈ فوزیہ عزیز گاڑیاں واپس آجائیں گی۔