ارکان اسمبلی کو ترقیاتی اخراجات کی رقوم تقسیم کرنے کیخلاف وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو قانونی نوٹس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں کو ترقیاتی اخراجات کی رقوم تقسیم کرنے کیخلاف وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔ یہ قانونی نوٹس لائرز فائونڈیشن فار جسٹس نے فیروز شاہ گیلانی کی وساطت سے بھجوایا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے چکی ہے مگر اسکے باوجود عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔ قانونی نوٹس کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر 15 روز میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کیلئے عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔