ہمارا ازلی دشمن بھارت خود ساختہ کہانیاںگھڑکرہمیں دنیا میں بدنام کر رہا ہے: اسلم گھمن

لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن  نے کہا ہے کہ بھارت نے آج تک ہمیں تسلیم نہیں کیا ہم کیسے یورپی یونین کی طرز پر تعلقات قائم کر کے اپنے ازلی دشمن کیلئے اپنی سرحدیں کھول دیں۔ گورنر پنجاب کے بھارت سے یورپین یونین کی طرز پر تعلقات استوار کرنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بریگیڈئر اسلم گھمن نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی د شمن ہے وہ خود ساختہ کہانیاں گھڑ کر دنیا میں ہمیں بدنام کرتا ہے۔ ہم ایسے دشمن سے کیسے دوستی کر سکتے ہیں؟ بھارت آج تک کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل پر تیار نہیں ہے۔ یورپی یونین کے ممالک کے مفادات اور ثقافت ایک ہے۔ گورنر پنجاب نے اپنی ساری عمر برطانیہ میں گزاری ہے۔ وطن واپس آ کر بھی وہ ’’برطانوی نقطہ نظر‘‘ سے ہی سوچتے ہیں۔ انہیں اپنی سوچ کو بھی ’’پاکستانی‘‘ بنانا ہو گا۔