کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی کیخلاف 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاج شروع کرینگے: طاہر القادری

کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی کیخلاف 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاج شروع کرینگے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے ڈرگ مافیا و کرپشن ما فیا کی لوٹ مار اور ہوشربا مہنگائی کیخلاف 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا اعلان کر دیا، 29 دسمبر کو لاہور، 5 جنوری کو راولپنڈی، 12 جنوری کو کراچی اور 19 جنوری کو پشاور میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نیٹو سپلائی روکنے سے کچھ نہیں ہوگا، ڈرون مار گرائے جائیں۔کوئی اور نہیں پاکستان کا قومی مفاد اہم ترین ہے، پاکستان ڈرون گرانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ ڈھائی کروڑ تک کی سرمایہ کاری کے پیکیج کو پارلیمنٹیرینز نے 50 ارب روپے تک یا اَن لمیٹڈ کروا لیا ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ ایسے اقدامات سے ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کو نوازا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔ لٹیروں کو بلیک منی کو وائٹ کرنے کا کھلا موقع فراہم کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں بک گیا، کرپشن جیت گئی اور غریب ہار گیا، ٹیکس چوروں اور لوٹ مار کرنیوالوں کو اللہ کی مدد اور 18 کروڑ عوام کے تعاون سے روکیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملکی خودمختاری ، استحکام اور غریب عوام کو لٹیروں سے نجات دلانے کےلئے جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہوگی، جس سے انقلاب آئیگا۔ احتجاج میں بچے، بوڑھے، خواتین سب میرے ساتھ ہوں گے۔ یہ عوام کا احتجاج ہوگا۔ انقلاب کی جماعت جلد اور مناسب وقت پر ہوگی۔ سنار کی ٹھک ٹھک کا قائل نہیں، لوہار کی چوٹ کا قائل ہوں۔
طاہر القادری