مشرف کا ٹرائل واقعی کرنا ہے تو میرے سمیت 870 افراد کا کیا جائے: شیخ رشید

مشرف کا ٹرائل واقعی کرنا ہے تو میرے سمیت 870 افراد کا کیا جائے: شیخ رشید

لاہور(آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے معاملے پر فوج آن بورڈ نہیں، اگر حکومت نے واقعی مشرف کا ٹرائل کرنا ہے تو مجھ سمیت 870 بندے ہیں سب کا ٹرائل کریں، چوہدری نثار اور پرویز رشید مختلف آدمی ہیں، عدلیہ کی کارکردگی سے میں مطمئن ہوں، عمران خان کے ناراض ہونے پر کچھ نہیں کر سکتا، ملک میں شادی شدہ میاں رنڈوے کی زندگی گزار رہے ہیں اس لئے شادی پر کچھ نہیں کہنا چاہتا، شادی کے لئے میرے پاس ٹائم ہی نہیں، وزارت کیلئے کوئی لالچ نہیں ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ میں آنیوالے دنوں میں حالات مزید برے دیکھ رہا ہوں، نوازشریف کے ساتھ کچھ غلط ضرور ہے اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف بھارت کے ساتھ تعلقات ضرور بہتر بنائیں لیکن پہلے عوام کے بنیادی مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اگر ڈرون حملوں کے خلاف میدان میں اترنا ڈرامہ ہے تو کوئی اور پہل کرکے دکھائے۔