مستحق افراد کو بیت المال فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے:ہارون سلطان

 لاہور(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ غریب افراد کی بحالی میں بیت المال کے فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب افراد اپنا روزگار پیدا کرسکیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈی جی سوشل ویلفیئر آفس کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال فہمیدہ مشتاق،ڈی جی سوشل ویلفیئر حافظ محمد اکرم اورتمام ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسرز نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے گذشتہ سال ڈینگی کے حوالے سے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی سے متعلق ضلعی سطح پر اقدامات قابل ستائش رہے ہیں   ۔انہوں نے 2014ء میں کیے جانے والے اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زدور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں فلاحی تنظیموں کے رضاکاروں کے علاوہ سکولوں کالجوں کے طلباء وطالبات کو ٹیم کی صورت میں گھر گھر آگہی دی جائے ۔