بھارت سے 80 ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے

 بھارت سے 80 ہندو یاتری  واہگہ بارڈر کے راستے  پاکستان پہنچ گئے

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) ہندوئوں کے روحانی پیشوا سوامی شادارام جی  کی جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے ہندو یاتریوں کا وفد گروپ لیڈر لودشڑ  لال کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان  پہنچ گیا۔  متروکہ   وقف املاک بورڈ کے  ڈپٹی سیکرٹری (جنرل) (شرائنز) اظہر سلہری اور بورڈ کے اعلی افسران نے انکا   استقبال کیا، مہمان یاتریوں کی آنکھیں اس وقت اشکبار ہو گئیں جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ یودھشٹر لال نے کہا کہ پاکستان آکر اپنائیت کا احساس ہوتا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم اپنے گھر میں آگئے ہیں،  پاکستان میں اقلیتوں اور خاص طور پر ہندوئوں کے ساتھ خصوصی پیار و محبت کے سلوک کی وجہ سے پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے ساتھ دوستی کے رشتہ میں مضبوطی آ رہی ہے جس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے بے حد مشکور ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری اظہر سلہری نے بتایاکہ 3 دسمبر تک ہندو یاتری اپنی رسومات میرپور ماتھیلو میں ادا کر یںگے، شاہدانی دربار میر پور میں اپنی تقریبات کے ادائیگی کے بعد خان پور،گھوٹکی ،سادھو بیلا مندر سکھر اور دیگر عبادت گاہوں کا دورہ کریں گے۔