شہباز شریف کی ہدایت ہے مخالفین سے نہ الجھیں، عوامی مسائل حل کریں: بلال یٰسین

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاسی مخالفین سے الجھنے کی بجائے اپنی توجہ حلقہ کے مسائل اور عوام کی مشکلات کے خاتمے پر مرکوز کریں۔ یہ بات لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال یٰسین نے ایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں بلال یٰسین نے روزنامہ نوائے وقت/ دی نیشن کے چیف ایڈیٹر مجید نظامی سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب حکومت کی ترجیحات اور قومی ایشوز پر اپنے جماعتی موقف سے آگاہ کیا جس پر مجید نظامی نے کہا کہ ہر وہ کام کرنا چاہئے جس سے ملک مضبوط‘ جمہوریت موثر اور منتخب حکومتیں فعال نظر آئیں۔ جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے تو مقاصد پاکستان کی تکمیل ہوگی۔ بلال یٰسین نے بتایا کہ حکومت کے قیام کے بعد سے اب تک ان کے حلقہ میں سگیاں پل کے ساتھ انٹرچینج کی تعمیر‘ حلقہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے متعدد ٹیوب ویلوں کے قیام‘ نئی سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ درجنوں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہے اور یہ سلسلہ آنیوالے وقت میں اور بڑھے گا۔ بلال یٰسین نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کا اعزاز ہے کہ وزیراعلیٰ کی ترجیح امیر اور پوش علاقے نہیں بلکہ غریب‘ غریبوں کے بچے اور پسماندہ علاقے میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے میرٹ پر آنیوالے غریب بچوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے 4 ارب روپے مختص کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا عزم ہے کہ ایسے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت‘ جمہوری عمل‘ جمہوری ادارے کمزور ہوں ۔