لاہور ہائیکورٹ: نگران وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہو گی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی تعیناتی کےخلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت آج 2 اپریل کو کریں گے۔ محمد عرفان مختار ایڈووکیٹ کی طرف سے وفاقی حکومت، صدرِ پاکستان، راجہ پرویز اشرف سابقہ وزیر اعظم، نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، الیکشن کمشن آف پاکستان، چوہدری نثار سابق اپوزیشن لیڈر ، میاں شہباز شریف سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، راجہ ریاض سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب، سید احمد محمود گورنر پنجاب، نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی وغیرہ کو فریق بناتے ہوئے آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کی اٹھارویں اور بیسویں ترمیم کے بعد نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کا اختیار صدر پاکستان اور نگران وزیر اعلیٰ کو تعینات کرنے کا اختیار متعلقہ گورنر کو تفویض کر دیا گیا۔ مگر دونوں تعیناتیوں میں صدر سے مشاورت کی گئی نہ ہی گورنر سے اس بارے پوچھا گیا۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ دونوں تعیناتیوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تعیناتی/ درخواست