قوم انتخابات میں اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو منتخب کرے، قاری زوار بہادر

لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے قوم کے پاس ایک اہم موقع ہے قوم آئندہ انتخابات میں اسلام سے محبت کرنے اور ملک و قوم سے مخلص قیادت کو آگے لائے ،جمعیت علماءپاکستان ملک میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 126 میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قاری زوار نے کہاکہ حکمرانوں نے گزشتہ کئی دہائیوں میں وطن عزیز کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ روٹی ،کپڑا اور مکان کے نام پر عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے ۔وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو پامال کیا گیا ہے سابق ڈکٹیٹر ایک بار پھر ہمارے وطن کی تباہی کا منصوبہ لے کر پاکستان آیا ہے۔