جماعت اسلامی کا منشور اُمید، انقلاب اور دکھ دور کرنے کا پیغام ہے: لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کا منشور اُمید، انقلاب اور دکھ دور کرنے کا پیغام ہے: لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور حلقہ این اے 126 سے امیدوارلیاقت بلوچ نے گارڈن ٹاﺅن ، گلبرگ ، مسلم ٹاﺅن ، نیو کیمپس میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی ہی ملک و ملت کو بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے ۔ پرانے ، نااہل کرپٹ آزمائے ہوئے لوگوں کی نئی صف بندی قومی سلامتی ،جمہوریت اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی کا روگ بن جائے گی۔ جماعت اسلامی نے اہل ، دیانتدار اور بااعتماد امیدوار ان قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے قوم کے سامنے پیش کیے ہیں ۔ جماعت اسلامی کا منشور امید ،انقلاب اورد کھ درد دور کرنے کا پیغام ہے اور ”ترازو “ کا انتخابی نشان عدل اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاست میں سب سے بڑا بحران اہلیت کا ہے ۔ علمی ، عملی اہلیت کے ساتھ اصل بحران اخلاقی اہلیت کا ہے جس کی وجہ سے کرپشن ، بد انتظامی ، قوانین کی پامالی ، رشوت ، کرپشن ، مہنگائی اور اغیار کی غلامی بڑھتی جارہی ہے ۔ سیاست اور ریاست کا نظام طاقت اور دولت کا کھیل بنا دیا گیاہے ۔ آئین اور قانون کی عملداری اسی وقت قائم ہو گی جب ملک میں قرآن و سنت کو سپریم بنایا جائے گا۔