انتخابات میں پیپلز پارٹی نئی تاریخ رقم کرے گی: منیر احمد خان

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے انچارج پالیسی پلاننگ اینڈ میڈیا منیر احمد خان نے کہا ہے کہ آنےوالے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نئی تاریخ رقم کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ راجہ پرویز اشرف جیسے کارکن کو وزیر اعظم بنانے والی پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں عوام کی حقیقی نمائندگی کے لئے اہل ، باصلاحیت ، اور جمہوری سوچ رکھنے والے امیدواروں کا انتخاب کیا ہے جن میں متعدد پارٹی کارکن بھی شامل ہیں - منیر احمد خان نے کہا کہ شہید بھٹو نے غریب عوام کو طبقاتی امتیاز سے بچانے اور تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے انقلابی سوچ پر مبنی پارٹی منشور وضع کیا اور عوامی مقبولیت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔