شہباز شریف حکومت کی پالیسیوں نے زراعت تباہ، کاشتکار کو برباد کر دیا: پرویز الہٰی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے شہبازشریف حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں نے پنجاب کی زراعت تباہ اور کاشتکار کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر جہلم، چکوال، اٹک اور راولپنڈی سے آئے کاشتکاروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ان کے دور میں 10ارب روپے کی لاگت سے 20 نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کئے گئے، ان ڈیموں سے جہلم، چکوال، اٹک اور راولپنڈی کی 20 ہزار ایکڑ سے زائد بنجر اراضی پہلی بار زیرکاشت آئی جس سے ان علاقوں کے غریب کاشتکاروں کی قسمت ہی بدل گئی۔ 11ارب روپے کی لاگت سے تونسہ بیراج کی مرمت اور توسیع کی گئی اور اس کا انتظام چلانے کیلئے نہایت تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا اس اقدام سے نہ صرف ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور کی نہروں کی گنجائش 7ہزار کیوسک سے 9ہزار کیوسک تک بڑھ گئی بلکہ اس کے بعد یہ نہریں سارا سال چلنے کے قابل بھی ہو گئیں۔ پنجاب میں پانی چوری روک کر پہلی بار ٹیل تک پہنچایا۔ ہمارے ان انقلابی زرعی اقدامات کی وجہ سے پنجاب کی زرعی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے پنجاب کے عوام کو گندم، چاول، سبزیاں، پھل اور روزمرہ ضرورت کی دیگر زرعی اجناس سستے داموں ملتی رہی تھیں۔ پرویزالٰہی نے کہا ہماری حکومت کے کسان دوست اقدامات کی وجہ سے پنجاب کے کسان اور عوام آج بھی ہمارا دور یاد کر رہے ہیں۔
پرویز الٰہی