بنگلہ دیش میں امیر مطیع الرحمن کو سزائے موت کیخلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر یوم احتجاج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر بنگلہ دیش میں امیر جماعت اسلامی مطیع الرحمن نظامی کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، علماءاور خطیب حضرات نے جمعہ کے خطبات میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں پر بنگلہ دیشی حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ لاہور میں نماز جمعہ کے بعد ملتان روڈ پر بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت حافظ محمد ادریس، اسداللہ بھٹو، فرید احمد پراچہ، مولانا عبدالمالک، اظہر اقبال حسن اور میاں مقصود احمد، عبدالحفیظ احمد، ذکر اللہ مجاہد، عبدالعزیز عابد و دیگر قائدین نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ 71ءکی جنگ کے بعد بھٹو اور مجیب الرحمن کے درمیان ہونے والے معاہدے جس کو امریکہ و برطانیہ سمیت کئی ممالک نے تسلیم کیا تھا اُسے اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے جس کے مطابق دونوں ممالک میں طے پایا تھا کہ بنگلا دیش کے الگ ملک کی حیثیت سے قیام کے بعد اب دونوں ممالک تمام قیدیوں کو رہا کردیں گے۔ وہاڑی میں بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔
یوم احتجاج