حکومت کو بھارت سے یکطرفہ تجارت مہنگی پڑے گی: عبدالعلیم خان
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے بار بار سرحدی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ انتہائی قابل مذمت ہے۔ وہ گذشتہ روز پارٹی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کے شرکاءمیں شعیب صدیقی، میاں حامد معراج، جمشید اقبال چیمہ، فرخ جاوید مون، عامر شیخ، سید راشد ریاض، ظہیر عباس کھوکھر، مہر واجد عظیم، جمشید بٹ، ڈاکٹر زرقا، ثانیہ کامران اور سارہ احمد موجود تھے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو بلا سوچے سمجھے اور یکطرفہ طور پر بھارت سے تجارت مہنگی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قومی تقاضوں اور ترجیحات کو پس پشت نہیں ڈال سکتے کشمیر سمیت اہم دوطرفہ امور کو حل کر کے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔