این اے 125: ٹربیونل کے عبوری حکم کیخلاف سعد رفیق کی درخواست غیر مؤثر قرار‘ سپریم کورٹ نے نمٹا دی
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ نے این اے ایک سو پچیس کے دس پولنگ سٹیشنز میں ووٹوں کے موازنہ اور انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق سے متعلق الیکشن ٹربیونل کے عبوری حکم کیخلاف خواجہ سعد رفیق کی درخواست غیرمؤثر قرار دے کر نمٹا دی ۔ مسٹرجسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ سعد رفیق کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رکن قومی اسمبلی نے ٹربیونل کے روبرو حلقے کے دس پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کے موازنے اور انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کیلئے درخواست دی تھی جسے ٹربیونل نے خارج کر دیا، ٹربیونل کا یہ عبوری فیصلہ سپریم کورٹ میںچیلنج کیا گیا تاہم اس معاملے پر سماعت سے قبل ہی ٹربیونل نے حتمی فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کو نااہل قرار دیدیا جنہیں بعد میں سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کے باعث دوبارہ بحال کر دیا گیا،حتمی فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل زیر التواء ہے اور حتمی فیصلے آنے کے بعد عبوری فیصلے کیخلاف زیر سماعت درخواست غیرمؤثر ہو چکی ہے جس پر دو رکنی بنچ نے درخواست غیرمؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔