چاروں صوبوں سے دہشتگردی میں ملوث مفرور ملزموں کی رپورٹ طلب

لاہور (رپورٹ جاوید یوسف) وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے داخلہ کے محکموں سے بم دھماکوں، خودکش حملوں، ناجائز اسلحہ رکھنے اور آتش زنی کے کیسوں میں ملوث مفرور ملزموں کے بارے میں پندرہ یوم میں تفصیلی رپورٹیں طلب کی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق ایسے ملزمان جو سنگین نوعیت کے کیسوں میں ضمانتوں پر رہائی کے بعد غائب ہو گئے ہیں ان کی اور ان کے ضامنوں کے بارے میں بھی فہرستیں طلب کی گئی ہیں۔ دہشت گردی، خودکش حملوں اور ناجائز اسلحہ کے کیسوں میں ملوث ایسے ملزمان جو جیلوں میں ہیں ان کے مکمل کوائف اور بالخصوص ان کا کن کالعدم تنظیموں سے تعلق ہے کے بارے میں بھی صوبوں کے داخلہ کے محکموں سے دریافت کیا گیا ہے۔ جیلوں میں موجود ان کالعدم تنظیموں کے ارکان کی تصاویر بھی ارسال کی جائیں۔ بتایا گیا ہے وزارت داخلہ اپنے دفتر میں چاروں صوبوں میں ہونے والے دہشتگردی، خودکش حملوں اور دیگر سنگین نوعیت کے کیسوں میں کسی نہ کسی طرح ملوث افراد کا ریکارڈ جمع کر رہا ہے۔