وکیل کی مجسٹریٹ سے تلخ کلامی پر ججوں کا عدالتی امور نمٹانے سے انکار

 لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ماڈل ٹاﺅن کچہری میں وکیل کی مجسٹریٹ سے تلخ کلامی کے بعد تمام ججوںنے عدالتی امور نمٹانے سے انکار کر دیا دو گھنٹے تک کیسوں کی سماعت رکی رہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے موقع پر پہنچ کر وکلاءنمائندوں سے مذاکرات کے بعد ججوں کو کام دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقامی وکیل محسن بٹ نے کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ علی ارسلان سے بد کلامی شروع کر دی۔ اس کے رویہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مجسٹریٹ نے عدالتی امور موخر کر دئےے۔ اطلاع ملتے ہی وہاں تعینات دیگر عدالتی افسران نے بھی اپنی عدالتوں میں کیسوں کو سننے سے انکار کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نذیر احمد گجانہ فوراً ماڈل ٹاﺅن کچہری پہنچ گئے اور وکلاءنمائندوں سے مذاکرات کے بعد انہوں نے عدالتی افسران کو کیسوں کی دوبارہ سماعت کی ہدایات دے دیں۔