وکالت: پاکستان بار کونسل نے لائسنس کیلئے این ٹی ایس امتحان پاس کرنے کی شرط عائد کر دی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان بار کونسل نے وکالت کا لائسنس حاصل کرنے کے لئے ہر امیدوار کے لئے این ٹی ایس کا امتحان پاس کرنے کی شرط عائد کر دی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اختر حسین نے گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے کمیٹی روم میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وکالت کا لائسنس حاصل کرنے کے لئے ہر امیدوار کو این ٹی ایس کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی اس کی وجہ لاءکالجز میں تعلیم کا ناقص معیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت قانون کو بھی لیٹر بھیج دیا گیا ہے کہ وہ بار کونسل ایکٹ میں ترمیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوموٹو مقدمات میں متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دینے کے لئے بھی قانون سازی ہونی چاہئے۔