قتل کا مقدمہ 3 شہروں میں درج ہونے پر پولیس سر پکڑ کر بیٹھ گئی

لاہور (نامہ نگار) خاتون اور اس کے ساتھیوں کے ہاتھوں عارف نامی شخص کے قتل پر 3 شہروں کے تھانوں میں مقدمات درج ہونے پر پولیس سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق شفیق آباد کے علاقہ میں فہمیدہ نے کچھ عرصہ قبل اپنے ساتھیوں لطیف وغیرہ کے ساتھ مل کر اپنے سابق دوست عارف کو دھوکے سے بلا کرقتل کرکے دھڑ فیصل آباد جبکہ باقی حصہ شیخوپورہ کی حدود میں پھینک دیا، پہلے فیصل آباد کے علاقہ صدر میں قتل کا مقدمہ درج ہوا جبکہ شیخوپورہ سے نعش کا دوسرا حصہ ملنے پر ایک مقدمہ تھانہ بھکھی میں درج ہوا جبکہ عارف کے اغوا کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شفیق آباد میں درج ہوا تھا۔ لاہور پولیس نے خاتون ملزمہ اور اس کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔