حمزہ شہبازشریف نے چیئرمین سپورٹس بورڈ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور ڈویژن کے کنونیئر و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف کے پنجاب سپورٹس بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے استعفے کا معاملہ معمہ بن گیا۔ حمزہ شہباز نے جمعرات کی شب چیئرمین سپورٹس بورڈ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے پنجاب حکومت نے منظور کر لیا تاہم جمعہ کے دن وہ جب شکرگڑھ میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے تو انہیں اطلاع ملی کہ بحیثیت چیئرمین پنجاب سپورٹس بوڈ ضمنی الیکشن کے جلسے سے گوجرانوالہ میں خطاب نہیں کر سکتے۔ ان کی جانب سے فوری طور پر الیکشن کمشن کو آگاہ کر دیا گیا کہ وہ جمعرات کو پنجاب سپورٹس بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں جس کا ثبوت بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد حمزہ شہباز نے شکرگڑھ اور گوجرانوالہ کے جلسوں سے خطاب کیا۔