جمعہ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات

لاہور (نامہ نگار) پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 15ویں محرم اور جمعتہ المبارک کے موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی، مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ نے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کا بھی انتظام کیا تھا، دینی درسگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی، مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازیوں کو میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لے کر اندر داخل ہونے دیا گیا۔ دریں اثناءسی سی پی او لاہور محمد اسلم ترین نے گزشتہ روز مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی چیک کرنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فرائض سے غفلت اور لاپروائی کے مرتکب ایک تھانیدار سمیت 2 پولیس اہلکاروںکو معطل کر دیا جبکہ ڈیوٹی دینے پر 3 پولیس اہلکاروں کو نقد انعام دیا۔ سب انسپکٹر نذیر احمد کی سرزنش کی جبکہ اے ایس آئی محمد منظور اور کانسٹیبل محمد نعیم کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ اے ایس آئی کامران اور کانسٹیبلوں محمد ندیم اور اعجاز کو ایک، ایک ہزار روپے انعام دیا۔