عید پر لاہور سمیت کئی شہروں میں ٹرانسفارمر اور تکنیکی مسائل کے باعث کچھ دیر بجلی بند
لاہور )کامرس رپورٹر( عیدالفطر کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی تاہم ٹرانسفارمر خراب ہونے اور دیگر تکنیکی مسائل کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کچھ دیر بند ہوئی۔ آج سے بجلی کی لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق عید کے موقع پر ایک طرف حکومت کی ہدایت پر لیسکو حکام نے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے انتظامات کر رکھے تھے تو دوسری طرف بارش کے باعث بھی بجلی کی ڈیمانڈ کم رہی جس کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ عید کے تینوں روز نہ ہوئی لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی یا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث بجلی کی بندش کی شکایات موصول ہوئیں جس پر لیسکو کے عملے نے جلد از جلد ٹھیک کر دیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ عید کے موقع پر لیسکو کا ایمرجنسی سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہا۔ایک طرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا تو دوسری طرف بارشوں کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی آئی جس سے بجلی کا شارٹ فال صرف ڈھائی سے تین ہزار میگا واٹ رہ گیا۔ عید کے تین روز گزرنے کے بعد آج سے بجلی کی لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی تاہم ڈیمانڈ میں کمی کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دو سے چار گھنٹے شہروں میں جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے ہو سکتا ہے۔
کچھ دیر بجلی بند