10 لاکھ افراد اکٹھے کرنے سے بھی آئین کا نقطہ تبدیل نہیں ہو سکتا: عرفان صدیقی
لاہور (وقت نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے کہا ہے 10 لاکھ افراد ڈی چوک یا کراچی میں اکٹھے کرنے سے بھی آئین کا ایک نقطہ بھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔ جو کچھ بھی ہو گا وہ پارلیمنٹ ہی کر سکتی ہے جس کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی جا چکی ہے۔ وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاسی جماعتیں حکومت سے اختلافات کے باوجود انقلابی نعروں اور لانگ مارچ کی حامی نہیں، تحریک انصاف کے ساتھ شامل جماعتیں کوچوان پارٹیاں ہیں جن کے تانگے میں کوئی سواری نہیں۔ ان کا کہنا تھا حکومت عمران خان کے تحفظات سنجیدگی سے دور کرنے کیلئے تیار ہے جس کیلئے انہیں حکومت کی جانب سے دعوت بھی دی جا چکی ہے لیکن حکومت کسی بھی حلقے کی ری کائونٹنگ کرانے کا اختیار نہیں رکھتی، یہ کام الیکشن کمشن کا ہے۔ انہوں نے کہا 14 اگست کو پوری قوم یوم آزادی منائے گی لیکن فیصلے سڑکوں پر کرنے کیلئے انتظامیہ کو چیلنج کیا گیا تو عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اسلام آباد کو فوح کے حوالے کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں آپریشن ضرب عضب کے ردعمل کے باعث حساس تنصیبات پر اکا دکا فوجی تعینات ہیں جنہیں قانون کی چھتری تلے کر دیا گیا ہے، ان کا 14 اگست سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا حکومت نے ملک کو مثبت سمت پر ڈال دیا ہے، لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل پر جلد قابو پا لیا جائیگا۔
عرفان صدیقی