وزیر اعظم عام پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے‘ مسافروں میں گھل مل گئے
لاہور (آئی این پی) پی آئی اے کی جدہ سے لاہور پہنچنے والی فلائٹ میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ سفر کرنے والے مسافروں نے وزیر اعظم کی طرف سے عام پرواز پر سفر اور دوران سفر خود آکر تمام مسافروں سے ملنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن نے دوران پرواز جو پروٹوکول وزیر اعظم کو دیا ہمیں بھی وہی دیا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف اپنے خاندان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی عام پرواز سے جدہ سے لاہور پہنچے۔ اس پرواز میں 300 دیگر مسافر وں نے بھی سفر کیا۔ وزیر اعظم طیارے میں لوگوں سے گھل مل گئے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ طیارے میں وزیراعظم کو اپنے ہمراہ پا کر عام لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سادگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام پرواز سے سفر کیا۔ ایک مسافر کا کہنا تھا کہ جو پروٹوکول وزیر اعظم کو دیا گیا وہی ہمیں دیا گیا اور ہمیں اس بات کی خوشی ہوئی ہے کہ وزیر اعظم کی وجہ سے فلائٹ بھی تاخیر کا شکار نہیں ہوئی۔