ینگ ڈاکٹرز ہڑتال کرنے کی بجائے اپنے مسائل کیلئے عدالت سے رجوع کریں: ہائیکورٹ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے ینگ ڈاکٹر زہڑتال کیس کی سماعت کے دوران قرار دیا ہے کہ ڈاکٹر ہڑتال کرنے کے بجائے اپنے مسائل کے حل کے لیے عدالت سے رجوع کریں۔ گزشتہ روز جسٹس اعجاز الحسن نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ینگ ڈاکٹر ایک بار پھر ہڑتال کر رہے ہیں جو توہین عدالت ہے۔ینگ ڈاکٹر کے وکیل نے بیان دیا کہ ڈاکٹر اپنے مطالبات کیلئے پرامن طور پر احتجاج کر رہے ہیں جو ان کا آئینی حق ہے۔ جس پر عدالت نے قرار دیا کہ ڈاکٹر ہڑتال کرنے کی بجائے اپنے مسائل کے حل کیلئے عدالت سے رجوع کریں۔ عدالت نے جنرل اور ٹیچنگ کیڈر کے ڈاکٹروں کی جانب سے کیس میں فریق بننے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔