لیاری بھی اتنا ہی عزیز ہے جتنا لاڑکانہ، بختاور بھٹو کا بم دھماکوں کے متاثرین کو چیک دینے کی تقریب سے خطاب
کراچی (آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے آپکا دکھ درد، ہمارا دکھ درد ہے، آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے، لیاری بھی ہمیں اتنا ہی عزیز ہے جتنا کہ لاڑکانہ۔ وہ پیر کو بلاول ہاؤس میں لیاری بم دھماکوں میں زخمیوں اور شہید ہونے والوں کے لواحقین کو چیک بانٹنے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ زخمی ہونیوالوں کو ایک لاکھ اور شہداء کو پانچ پانچ لاکھ فی کس تقسیم کیے گئے۔ لیاری میں 17اگست 2013 کو فٹ بال گراؤنڈ بزنجو چوک دھماکہ ہوا تھا جس میں 8 لوگ شہید اور 31 زخمی جبکہ 27 اپریل 2013 کمبارواڑہ چوک، کلاکوٹ لیاری میں پی پی پی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 3شہیدا ور 25زخمی ہوگئے تھے۔ رکن قومی اسمبلی پی پی پی لیڈیز ونگ کی صدر فریا ل تالپور نے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ سمیت لیاری کی بھر پور خدمت کررہی ہے اور یہ خدمات آگے بھی جاری رہے گی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سینیٹر سعید غنی، صوبائی وزیرسندھ جاوید ناگوری و دیگر بھی شریک تھے۔