کراچی : پولیو ٹیم پر حملے میں زخمی تھانیدار دم توڑ گیا، پولیس مقابلہ، ڈاکو ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے پاک کالونی میں 10 روز قبل پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا اے ایس آئی تبسم علی گذشتہ رات ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ تبسم علی پاک کالونی میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم کی سکیورٹی پر مامور تھا۔ اس پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے گولیاں برسا دی تھیں۔ 10 روز گزر جانے کے بعد بھی پولیس حملہ آوروں کا سراغ نہ لگا سکی۔ ادھر پولیس نے مضافاتی علاقے میں کارروائی کرکے 2 ڈاکٹروں، 2 سگے بھائیوں سمیت 9 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک دوسرا فرار ہوگیا، اسی طرح سعید پارک سے ٹارگٹ کلر ملک عارف عرف انڈا کو حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی گذشتہ رات ختم ہو گئی۔ یہ پابندی 3 روز کیلئے پولیو مہم کے پیش نظر عائد کی گئی تھی۔